نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 128 رنز پر محدود کر دیا، نیشم کی پانچ وکٹیں کارآمد ثابت ہوئیں
نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔ ویلنگٹن ریجنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں کیویز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی۔ قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 128 رنز بنا سکی، جبکہ 9 وکٹیں گنوا بیٹھی۔
پاکستانی اوپنرز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، جہاں حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ محمد حارث محض 11 رنز بنا سکے۔ درمیانی ترتیب کے بلے بازوں میں سے عمیر بن یوسف اور عثمان خان دونوں 7،7 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ عبدالصمد 4، جہانداد خان 1، جبکہ صفیان مقیم اور محمد علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان 28 رنز کی معقول بیٹنگ کی، جبکہ سلمان علی آغا 51 رنز کی مفید اننگز کھیل کر واحد بلے باز ثابت ہوئے جو کسی حد تک کامیاب رہے۔ حارث رؤف 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی باؤلنگ میں جمی نیشم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جیکب ڈفی نے 2، جبکہ بین سیرز اور ایش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستانی ٹیم نے شاہین آفریدی کو ڈراپ کر دیا، جبکہ عمیر بن یوسف، عثمان خان، جہانداد خان، سفیان مقیم اور محمد علی کو موقع دیا گیا۔ کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ حسن نواز، شاداب خان اور حارث رؤف بھی ٹیم کا حصہ تھے۔
اب نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف درپیش ہے، جبکہ پاکستانی باؤلرز اس چھوٹے سے ہدف کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔ میچ کا یہ مرحلہ انتہائی دلچسپ ثابت ہونے کے امکانات ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں اپنی اپنی حکمت عملی کے تحت کھیلنے کی کوشش کریں گی۔