محکمہ موسمیات نے پاکستان میں عیدالفطر کی تاریخ اور شوال کے چاند کی رویت سے متعلق اہم معلومات جاری کردی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، عیدالفطر 31 مارچ، پیر کے روز منائی جاسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، شوال کا چاند 29 مارچ کو 3 بج کر 58 منٹ پر پیدا ہوگا۔ 30 مارچ کو چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی، اور غروب آفتاب کے بعد یہ 70 منٹ تک آسمان پر نظر آئے گا۔ عام طور پر، 20 گھنٹے کی عمر کے چاند کو آنکھ سے براہ راست دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ 16 سے 18 گھنٹے کی عمر کے چاند کو دوربین کی مدد سے دیکھنا ممکن ہوتا ہے۔ لہٰذا، 30 مارچ کو چاند کے نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

وفاقی حکومت نے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان بھی کردیا ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، تعطیلات 31 مارچ (پیر) سے 2 اپریل (بدھ) تک ہوں گی۔ تاہم، صوبائی حکومتوں کی جانب سے اب تک عید کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔